جہلم میں چنگ چی رکشہ ڈرائیورز کی مبینہ من مانیاں، مسافروں سے من مانے کرائے وصول ہونے لگے

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں چنگ چی رکشہ ڈرائیورز کی جانب سے مسافروں سے مبینہ طور پر من مرضی کے کرایے وصول کرنے اور مقررہ کرایہ نہ دینے والے مسافروں، بالخصوص خواتین اور بزرگ شہریوں سے بدتمیزی کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاندار چوک سے بلال ٹاؤن، شاندار چوک سے جادہ، شاندار چوک سے جہلم کینٹ، شاندار چوک سے پولیس لائن، شاندار چوک سے کریم پورہ، اسلامیہ سکول اور محمدی چوک سمیت مختلف روٹس پر چلنے والے رکشوں کے حوالے سے شہریوں نے شکایات کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کے مطابق چنگ چی رکشہ ڈرائیورز پہلے اسٹاپ ٹو اسٹاپ 50 روپے فی سواری کرایہ وصول کرتے تھے، تاہم اب مبینہ طور پر اپنی مرضی کے مطابق کرایہ وصول کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث غریب اور متوسط طبقہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے، ایسے میں رکشہ کرایوں میں من مانے اضافے سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بعض اوقات اگر کوئی شہری مبینہ طور پر زائد کرایہ ادا کرنے سے انکار کرے تو رکشہ ڈرائیورز کی جانب سے خصوصاً خواتین اور بزرگ شہریوں کے ساتھ چوک چوراہوں میں بدتمیزی، تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے رویوں کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور مسافروں کو روزانہ کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے یہ شکایت بھی کی ہے کہ بعض رکشہ ڈرائیورز سڑک کے عین وسط میں رکشے کھڑے کرکے سواریاں بٹھاتے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور دیگر گاڑیوں کو گزرنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ شہریوں کے مطابق خطرناک اور بے ہنگم ڈرائیونگ کے باعث حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے، جبکہ ٹریفک قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کے باعث سڑکوں پر سفر کرنے والے دیگر شہری بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔
عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر رکشہ ڈرائیورز کی جانب سے مبینہ من مانی، زائد کرایوں کی وصولی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو کسی بڑے حادثے یا ناخوشگوار واقعے کا خدشہ ہے، اس لیے متعلقہ اداروں کو بروقت اقدامات کرنے چاہئیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ڈی پی او جہلم اور ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ چنگ چی رکشہ ڈرائیورز کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے، مسافروں سے وصول کیے جانے والے کرایوں کو باقاعدہ کنٹرول کیا جائے، مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کروائی جائے، تاکہ شہریوں کو مبینہ من مانی اور مشکلات سے نجات مل سکے۔



