جہلم میں پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی 55 سالہ خاتون اور اس کی بیٹی کا سراغ مل گیا

جہلم میں 55 سالہ خاتون اور اس کی جواں سالہ بیٹی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پر جہلم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ماں بیٹی کو 24 گھنٹوں کے اندر بحفاظت تلاش کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ سٹی پولیس کو ایمرجنسی 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ ڈھوک تراٹی تھانہ ڈومیلی کے علاقے سے ایک 55 سالہ خاتون اپنی جواں سالہ بیٹی سمیت لاپتہ ہوگئی ہیں اور ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ماں بیٹی کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔
پولیس کے مطابق لاپتہ خواتین کے اہلِ خانہ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ بیٹی اپنے شوہر کے ہمراہ اپنی خالہ کے گھر مرزا آباد آئی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی کے بقول اس کی بہن کے سسر نے 3 اکتوبر کو فون کرکے بتایا کہ وہ اپنی بہن کو لے جائیں۔
مدعی کے مطابق اس کی والدہ اپنی بیٹی کو لے کر واپس آ رہی تھیں اور لاری اڈا پر آخری مرتبہ رابطہ ہوا تھا، جس کے بعد اچانک فون بند ہوگیا اور ماں بیٹی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ اہلِ خانہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں اور انہوں نے اپنی طرف سے بھی مختلف مقامات پر ماں بیٹی کو تلاش کیا، تاہم کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ماں بیٹی کی تلاش کے لیے مختلف مقامات کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی گئی اور جدید ٹیکنالوجی سمیت دیگر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تلاش کا دائرہ وسیع کیا گیا۔ تھانہ سٹی پولیس کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں دونوں خواتین کو 24 گھنٹوں کے اندر بحفاظت تلاش کرلیا۔
پولیس کے مطابق بازیاب ہونے والی ماں اور بیٹی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ انہیں کسی نے اغوا نہیں کیا تھا بلکہ وہ گھریلو حالات سے تنگ آ کر اپنی مرضی سے گھر سے گئی تھیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ایمرجنسی 15 پر موصول ہونے والی ہر کال پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور شہریوں کی شکایات پر بروقت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور شہریوں کو فوری پولیس امداد کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری پولیس رسپانس کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔



