ڈومیلی: ریسکیو 1122 سوہاوہ کے زیر اہتمام فاسٹ سکول بڑاگواہ میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

سوہاوہ: ریسکیو 1122 ڈومیلی/ سوہاوہ کی جانب سے فاسٹ سکول بڑاگواہ میں ایک خصوصی عملی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد اساتذہ اور طلبہ کو ناگہانی آفات، حادثات اور مختلف ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔ تربیتی ورکشاپ کے دوران شرکاء کو ابتدائی طبی امداد اور بنیادی فائر سیفٹی کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔

تربیتی سیشن کے دوران ریسکیو 1122 کے ماہر انسٹرکٹرز کامران علی، عمر صدیق اور ملک فرحان نے طلبہ و اساتذہ کو فرسٹ ایڈ اور بنیادی فائر سیفٹی کے حوالے سے جامع اور عملی تربیت فراہم کی۔ انسٹرکٹرز نے مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار کو عملی مظاہروں کے ذریعے واضح کیا تاکہ شرکاء ضرورت کے وقت فوری اور درست اقدامات کر سکیں۔

تربیتی ورکشاپ کے دوران بتایا گیا کہ سر پر چوٹ لگنے یا خون بہنے کی صورت میں زخم پر پٹی کس طرح باندھی جاتی ہے تاکہ خون کے بہاؤ کو روکا جا سکے۔ انسانی ڈھانچے اور مانیکین کی مدد سے دل کی دھڑکن اور سانس بحال کرنے کے بنیادی مراحل بھی عملی طور پر سکھائے گئے، جبکہ ہڈی ٹوٹنے کی صورت میں متاثرہ عضو کو سہارا دینے اور مزید نقصان سے بچانے کی تکنیکوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

شرکاء کو ریسکیو کٹ، ایمرجنسی بیگز اور ضروری ادویات و سامان کے درست اور بروقت استعمال کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ انسٹرکٹرز نے مختلف ہنگامی صورتحال میں گھبرانے کے بجائے دستیاب وسائل کو درست طریقے سے استعمال کرنے اور متاثرہ فرد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

فائر سیفٹی کے حوالے سے شرکاء کو فائر سلنڈر کے درست استعمال کی عملی مشق بھی کروائی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ فائر سلنڈر کو صحیح طریقے سے کس طرح پکڑنا ہے، پن کیسے نکالنا ہے اور ابتدائی مرحلے میں آگ پر قابو پانے کے لیے اسے کس انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آگ لگنے کے ممکنہ اسباب، احتیاطی تدابیر اور ایمرجنسی کی صورت میں عمارت سے محفوظ طریقے سے باہر نکلنے کی تکنیکوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ورکشاپ کے اختتام پر فاسٹ سکول بڑاگواہ کے اساتذہ اور طلبہ نے ریسکیو 1122 کی ٹیم کے ساتھ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوائی۔ اس موقع پر اسکول انتظامیہ اور طلبہ نے ریسکیو 1122 ڈومیلی کی جانب سے تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کی تربیتی خدمات اور کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق اس نوعیت کی عملی تربیت طلبہ اور اساتذہ کو ہنگامی حالات میں بروقت، محفوظ اور مؤثر اقدامات کرنے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button