جہلم: ریونیو نظام کی بہتری، اراضی ریکارڈ کی درستگی اور زیر التوا معاملات کے بروقت تصفیے کیلئے تحصیل سطح پر اجلاس

جہلم: ضلع جہلم میں ریونیو نظام کی کارکردگی بہتر بنانے، اراضی ریکارڈ کی درستگی یقینی بنانے اور زیرِ التوا معاملات کے بروقت تصفیے کے لیے تحصیل کی سطح پر اجلاس منعقد کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر کی نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں ریونیو سٹاف کے ساتھ اجلاس منعقد کیے، جن میں تحصیلداران، گرداوران، پٹواریوں اور متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاسوں کے دوران کھیوٹ اور انتقالات کے زیرِ التوا معاملات، ڈیجیٹل گرداوری، آبیانہ کی وصولی اور ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت مقدمات پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ریونیو امور کی بروقت تکمیل، اراضی ریکارڈ کی درستگی اور شہریوں کو شفاف و مؤثر خدمات کی فراہمی سے متعلق مختلف معاملات زیر بحث آئے۔
اسسٹنٹ کمشنرز نے متعلقہ ریونیو عملے کو ہدایت کی کہ اراضی ریکارڈ میں درستگی یقینی بنانے کے ساتھ انتقالات کی تکمیل مقررہ وقت میں کی جائے، ڈیجیٹل گرداوری کے عمل میں تیزی لائی جائے اور آبیانہ کی وصولی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو امور میں تاخیر سے بچنے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اہلکار اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔
اجلاسوں میں زیر التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے اور ریونیو عدالتوں میں مقدمات کی کارروائی تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے ریونیو افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر قانون اور میرٹ کے مطابق بروقت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری تاخیر اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس کے علاوہ محکمانہ کارکردگی کی مسلسل نگرانی، شفافیت، جوابدہی اور عوامی شکایات کے موثر ازالے کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اجلاسوں کا مقصد ریونیو نظام کو مزید مؤثر بنانا، اراضی سے متعلق معاملات میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ اور شہریوں کو قانون کے مطابق بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے۔



