دریائے جہلم کے کناروں پر سائبیریا سمیت سرد علاقوں سے مہمان پرندوں کی آمد شروع

جہلم: دریائے جہلم کے کناروں پر سائبیریا سمیت سرد علاقوں سے ہجرت کرکے آنے والے مہمان پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث دریائے جہلم، نہروں اور جھیلوں کا قدرتی حسن مزید نکھرنے لگا ہے۔

موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہزاروں میل کا سفر طے کرکے پاکستان آنے والے یہ خوبصورت پرندے قدرتی مناظر میں دلکشی پیدا کرنے کے ساتھ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مہمان پرندوں کی آمد سے آبی مقامات کی خوبصورتی میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ فطرت سے محبت کرنے والے افراد کے لیے بھی یہ موسم خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ تاہم ان پرندوں کی محفوظ نقل و حرکت اور قیام کے لیے مناسب ماحول فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ انہیں غیر قانونی شکار اور دیگر خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

شہریوں اور فطرت سے محبت کرنے والے حلقوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مہمان پرندوں کے تحفظ کے لیے خصوصی سکواڈ تشکیل دیا جائے اور دریائے جہلم سمیت دیگر آبی مقامات پر نگرانی اور گشت کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ان پرندوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہمان پرندے قدرت کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ موسم سرما کے دوران بروقت اقدامات کرتے ہوئے ان پرندوں کو محفوظ ماحول فراہم کریں اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کریں۔

عوامی حلقوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ اس معاملے پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ دریاؤں، نہروں اور جھیلوں کی قدرتی خوبصورتی برقرار رہے، جنگلی حیات کا تحفظ ممکن ہو اور آنے والی نسلیں بھی ان حسین قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button