سوہاوہ:ڈومیلی میں پولیس کو جھوٹی کال کرنے اور شادی میں آتش بازی کرنے والے ملزمان گرفتار

سوہاوہ: تھانہ ڈومیلی پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران ایمرجنسی 15 پر زمین پر قبضے کی جھوٹی اطلاع دینے اور شادی کی تقریب میں آتش بازی کرکے اپنی اور شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق پہلی کارروائی کے دوران ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اس ملزم کو گرفتار کیا جس نے ایمرجنسی پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے زمین پر قبضے سے متعلق جھوٹی اطلاع دی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم کی جانب سے غلط اطلاع دینے کے باعث پولیس کا قیمتی وقت اور سرکاری وسائل ضائع ہوئے، جس پر اس کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

تھانہ ڈومیلی پولیس نے دوسری کارروائی کے دوران شادی کی تقریب میں آتش بازی کرکے اپنی اور دیگر شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے واضح کیا کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کو چاہیے کہ خوشی کی تقریبات کے دوران اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات سے گریز کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی 15 عوام کی فوری مدد اور بروقت پولیس رسپانس کے لیے قائم کی گئی ہے۔ جھوٹی یا گمراہ کن کالز نہ صرف قانوناً جرم ہیں بلکہ ان کی وجہ سے حقیقی ضرورت مند شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی میں بھی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button