جہلم میں جدید ویٹرنری آپریشن تھیٹر کا قیام کسانوں اور مویشی پال حضرات کے لیے اہم سہولت ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے لائیوسٹاک کمپلیکس جہلم میں جدید ویٹرنری آپریشن تھیٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب لائیوسٹاک کمپلیکس کے سرسبز و شاداب لان میں منعقد ہوئی، جہاں وزیر مملکت کی آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ محکمہ لائیوسٹاک کے افسران نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کیے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک جہلم سمیت محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے افسران و عملے، سماجی، رفاہی، سیاسی اور صحافتی تنظیموں کے نمائندگان، عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے آپریشن تھیٹر سمیت لائیوسٹاک کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے آپریشن تھیٹر میں موجود انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ لائیوسٹاک کے افسران اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع جہلم کے کسانوں اور مویشی پال حضرات کو جدید ویٹرنری سہولیات فراہم کرنا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ اس سے نہ صرف جانوروں کی بہتر نگہداشت اور بروقت علاج معالجے میں مدد ملے گی بلکہ لائیوسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی اہم پیش رفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ زراعت اور لائیوسٹاک ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ کسان اور مویشی پال حضرات ملکی معیشت کے اہم ستون ہیں۔ ان کی محنت اور کاوشوں سے نہ صرف غذائی ضروریات پوری ہوتی ہیں بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔ حکومت پنجاب کسانوں اور مویشی پال افراد کی مشکلات کم کرنے اور انہیں جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ضلع جہلم میں جدید ویٹرنری آپریشن تھیٹر کے قیام، الٹراساؤنڈ کی سہولت اور مویشیوں کی نقل و حمل کے لیے چار گاڑیوں کی فراہمی سے مقامی مویشی پال حضرات کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ ان اقدامات کے ذریعے جانوروں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور ضروری جراحی کی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی، جس سے قیمتی مویشیوں کی جانیں بچانے اور کسانوں کو مالی نقصانات سے محفوظ رکھنے کے امکانات بڑھیں گے۔

بلال اظہر کیانی نے مویشی پال حضرات پر زور دیا کہ وہ اپنے ضلع میں دستیاب جدید آپریشن تھیٹر اور دیگر ویٹرنری سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ بیمار اور زخمی جانوروں کو بروقت علاج اور بہتر جراحی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ محکمہ لائیوسٹاک ان جدید سہولیات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرے گا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر لائیوسٹاک کی جانب سے ضلع جہلم کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز کے قریب معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے، اور حکومت اس مقصد کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔

تقریب کے شرکاء نے ضلع جہلم میں جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کو کسانوں اور مویشی پال حضرات کے لیے خوش آئند اور قابلِ قدر اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید آپریشن تھیٹر اور دیگر طبی سہولیات سے دیہی معیشت کو مستحکم کرنے، جانوروں کی بہتر نگہداشت اور مویشی پال کسانوں کے معاشی حالات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button