جہلم میں کار اور موٹر سائیکل میں تصادم، راہگیر خاتون سمیت چار افراد زخمی

جہلم میں مجاہد آباد کے قریب کار، موٹر سائیکل اور راہگیر خاتون کے مابین حادثے میں خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے.
تفصیلات کے مطابق جہلم میں جی ٹی روڈ پر جادہ چوک کے قریب مجاہد آباد کے علاقے میں کار، موٹر سائیکل اور پیدل سڑک عبور کرنے والی خاتون کے درمیان حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ کار اور موٹر سائیکل کے تصادم کے بعد پیش آیا، جس کی زد میں سڑک عبور کرنے والی خاتون بھی آ گئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایک ریسکیو موٹر بائیک اور دو ایمبولینسز پر مشتمل ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم منتقل کر دیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 31 سالہ عتیق، 43 سالہ عظمیٰ، 19 سالہ سبحان اور 52 سالہ ابوزر شامل ہیں۔



