ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈدادنخان میں ماہ اکتوبر کے دوران 17 ہزار 527 مریضوں کا علاج

پنڈدادنخان: تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان میں عوام کو معیاری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اکتوبر 2026ء کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 17 ہزار 527 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ اس عرصے میں 87 جنرل سرجریز بھی کی گئیں۔
جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ماہ اکتوبر کے دوران ایمرجنسی وارڈ میں 6 ہزار 418، جنرل او پی ڈی میں 6 ہزار 22، بچوں کی او پی ڈی میں 2 ہزار 296، گائنی او پی ڈی میں 2 ہزار 140 جبکہ سرجیکل او پی ڈی میں 651 مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا گیا۔
ہسپتال میں دیگر طبی سہولیات کے تحت ہیپاٹائٹس کلینک میں 195 مریضوں جبکہ ٹی بی کلینک میں 79 مریضوں کی اسکریننگ کی گئی۔ اس دوران ٹی بی کے 132 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 9 مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی۔ حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام (EPI) کے تحت 391 افراد کو سہولیات فراہم کی گئیں۔
زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں 103 سیزیرین آپریشنز اور 37 نارمل ڈیلیوریز کی گئیں، جبکہ فیملی پلاننگ کی 210 سروسز بھی فراہم کی گئیں۔ دیگر طبی خدمات میں 47 میڈیکو لیگل کیسز، 3 پوسٹ مارٹمز، 39 میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس، 312 ای سی جی اور 1 ہزار 176 ایکسرے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ غیر متعدی امراض (NCDs) کے سلسلے میں 619 افراد کو طبی خدمات فراہم کی گئیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی، علاج معالجے کے معیار میں بہتری، ایمرجنسی سروسز کو فعال رکھنے اور مریضوں کے لیے بہتر طبی ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈاکٹر انجم قدیر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تحصیل پنڈدادنخان، کی زیر نگرانی صحت عامہ کی سہولیات کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ہسپتال میں دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔



