ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ کا پنک کارٹ بازار کے مقام کا دورہ، تیاریوں کا جائزہ لیا

جہلم: نو تعینات ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے قائم کیے جانے والے پنک کارٹ بازار کے مقام کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت سمیت جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پنک کارٹ بازار کے لیے مختص جگہ، گلابی ریڑھیوں کی تنصیب اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ انہیں منصوبے کے تحت جاری کام اور انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
پنک کارٹ بازار کے قیام کا بنیادی مقصد گھروں میں رہ کر کام کرنے والی خواتین کو اپنی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کے لیے مناسب جگہ اور ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں اور معاشی خودمختاری حاصل کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے منصوبے کی تکمیل کے سلسلے میں جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔ پنک کارٹ بازار کے اسٹالز، گلابی ریڑھیوں کی تنصیب اور دیگر انتظامات پر کام تاحال جاری ہے۔
منصوبے کا مقصد خواتین کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنا، گھریلو سطح پر تیار ہونے والی مصنوعات کی فروخت کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا اور انہیں کاروباری میدان میں آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول مہیا کرنا ہے۔



