ریفرنڈم کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں اور 15 دسمبر تک ریفرنڈم ہو جائے گا، چوہدری فواد حسین

جہلم/ پنڈدادنخان: سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے اور بانی تحریک انصاف عمران خان سمیت پارٹی نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی تحریک انصاف نے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں بھی اس مؤقف سے اتفاق کیا ہے۔
پنڈدادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ریفرنڈم کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں اور 15 دسمبر تک ریفرنڈم ہو جائے گا، جس کے بعد آئینی ترمیم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے سالک حسین پر تنقید کی ہے، تاہم ان کے بقول سالک حسین محض بہانہ ہیں جبکہ اصل نشانہ محسن نقوی ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سالک حسین خود کہہ چکے ہیں کہ وہ نہ مسلم لیگ (ن) کے کہنے پر حکومت میں شامل ہوئے تھے اور نہ ہی ان کے کہنے پر حکومت سے الگ ہوں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت میں شامل ہونے والے لوگ نہ مریم نواز کی مرضی سے شامل ہوئے تھے اور نہ ہی ان کی مرضی سے الگ ہوں گے۔ ان کے مطابق موجودہ سیٹ اَپ تحریک انصاف کی مخالفت کی وجہ سے بنایا گیا تھا، جبکہ پاکستان میں عموماً ایسے سیٹ اَپ تین سے چار سال ہی چلتے ہیں، تاہم اب یہ نظام ٹوٹ رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وہاں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) مہمان اداکار ہیں، جبکہ سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف اور اس کے بعد جمعیت علمائے اسلام ہے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کے حوالے سے کہا کہ وہ صرف سیاسی رہنما ہی نہیں بلکہ مذہبی رہنما بھی ہیں اور ان کے بقول وہ 70 فیصد مدارس کے سربراہ ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ اس طرح کا رویہ اختیار کیا جائے گا تو ان کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آئے گا، جو مناسب نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی بعض ایسی باتیں کی ہیں جن میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں سیاسی کشیدگی کم کرنے اور نظام کی بحالی کے لیے بات چیت کا ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔



