پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم، بلال اظہر کیانی کی ترک سفیر سے ملاقات

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سے ترکیہ کے سفیر عزت مآب عرفان نیزیوغلو نے وزارتِ خزانہ میں ملاقات کی، جس کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلال اظہر کیانی نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز (Special Economic Zones) میں ترک سرمایہ کاری کے فروغ کا خیرمقدم بھی کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اشیائے تجارت کے معاہدے (Trade in Goods Agreement) کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، تاکہ باہمی تجارت کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں اور اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
بلال اظہر کیانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات اور مضبوط سیاسی روابط کو عملی معاشی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے گا، تاکہ دونوں برادر ممالک یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔



