جہلم میں سردی کی شدت میں معمولی اضافے کے ساتھ ہی انڈوں کی قیمت بڑھ گئی

جہلم شہر اور گردونواح میں سردی کی شدت میں معمولی اضافہ ہوتے ہی فارمی انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث پہلے سے مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے انڈے خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرد موسم کی ابتدا کے ساتھ ہی فارمی انڈوں کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور شہر میں ایک انڈہ 22 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ابھی سردی کی شدت میں خاطر خواہ اضافہ بھی نہیں ہوا، لیکن انڈوں کی قیمتیں بڑھنا شروع ہو گئی ہیں، جس سے روزمرہ اخراجات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اربابِ اختیار اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انڈوں کی قیمتوں کا نوٹس لیا جائے اور عوام کو مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔



