للِہ تا جہلم روڈ منصوبہ پانچ سال بعد مکمل،13 ارب 53 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے للِہ تا جہلم روڈ منصوبے کی تکمیل کو جہلم اور پنڈدادنخان کے عوام کے لیے ایک تحفہ قرار دیتے ہوئے منصوبہ مکمل ہونے پر محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جہلم۔پنڈ دادن خان روڈ پر کام تیز کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو للِہ جہلم روڈ منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ 2021ء میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ پانچ سال بعد مکمل ہوا ہے۔ 128 کلومیٹر طویل یہ دو رویہ سڑک پنڈدادنخان کو للِہ انٹرچینج سے منسلک کرے گی۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 13 ارب 53 کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، جبکہ موجودہ سڑک کی چوڑائی 20 سے 24 فٹ سے بڑھا کر 76 فٹ کر دی گئی ہے۔
منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے پانچ مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ اس میں جی ٹی روڈ جہلم تا بخاری روڈ، بخاری چوک تا مصری موڑ، مصری موڑ تا پنن والا، جلالپور، پنن والا تا پنڈدادنخان اور پنڈدادنخان تا للِہ کے سیکشنز شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت 4 اعشاریہ 2 کلومیٹر طویل جلالپور بائی پاس اور 3 اعشاریہ 98 کلومیٹر طویل پنڈدادنخان بائی پاس بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 185 چھوٹے پلوں کی تعمیر منصوبے کا حصہ ہے جبکہ تین کلورٹس کی تکمیل بھی جلد متوقع ہے۔ بخاری چوک تا مصری موڑ کے سیکشن میں پانچ پل تعمیر کیے گئے ہیں۔
سڑک کے کناروں کو مضبوط بنانے اور ٹریفک کی روانی بہتر رکھنے کے لیے پختہ شولڈرز بھی تعمیر کیے گئے ہیں، جس سے سڑک کے استعمال میں مزید سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو منصوبے کی تکمیل پر سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صرف ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر نہیں کی جا رہیں بلکہ صوبے کے مواصلاتی بنیادی ڈھانچے میں تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 35 ہزار کلومیٹر طویل دیہی رابطہ سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور بحالی کا ریکارڈ قائم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر سڑکیں نہ صرف شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرتی ہیں بلکہ تجارتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے جہلم پنڈدادنخان روڈ پر جاری کام کو تیز کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ للِہ تا جہلم روڈ کی تکمیل سے ضلع جہلم، بالخصوص پنڈدادنخان اور گردونواح کے علاقوں کو بہتر رابطہ سڑک کی سہولت میسر آنے اور آمدورفت و معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی توقع ہے۔



