گورنمنٹ گرلز کالج جلالپورشریف میں تدریسی عملے کی شدید کمی، بی ایس اور اے ڈی پی کلاسز کا آغاز نہ ہو سکا

پنڈدادنخان: محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی مبینہ غفلت اور عدم توجہی کے باعث گورنمنٹ گرلز کالج جلالپورشریف عملاً بے یار و مددگار ہو کر رہ گیا ہے۔ کالج میں اساتذہ کی شدید کمی اور عدم دستیابی کے باعث تاحال بی ایس اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام (ADP) کی باقاعدہ کلاسز کا آغاز نہیں ہو سکا، جس کے نتیجے میں علاقے کی سینکڑوں طالبات اور ان کے والدین شدید پریشانی اور ذہنی کرب کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کالج میں تدریسی عملے کی متعدد اسامیاں خالی ہونے کے باعث یونیورسٹی آف گجرات نے کالج کو ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام (ADP) کے سمسٹر سسٹم کے تحت کلاسز شروع کرنے کے لیے تاحال الحاق (Affiliation) جاری نہیں کیا۔ الحاق نہ ملنے اور اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث کالج کا تعلیمی نظام متاثر ہو رہا ہے، جبکہ طالبات کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
علاقہ مکینوں، سماجی حلقوں اور طالبات کے والدین کا کہنا ہے کہ جلالپورشریف اور گردونواح کے دیہی علاقوں کی بچیوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول کا یہ واحد سرکاری ادارہ ہے، لیکن متعلقہ محکمہ کے حکام کی عدم توجہی کے باعث سینکڑوں طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ محدود مالی وسائل کے باعث وہ اپنی بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے جہلم یا پنڈ دادن خان کے مہنگے نجی تعلیمی اداروں میں بھیجنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
متاثرہ طالبات، والدین اور عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، گورنمنٹ گرلز کالج جلالپورشریف میں خالی اسامیوں پر اساتذہ کی فوری تعیناتی یقینی بنائی جائے اور یونیورسٹی آف گجرات سے الحاق کے معاملے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے، تاکہ طالبات کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔



