جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، 3 اشتہاری مجرمان اور 2 منشیات فروش گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کے دوران 3 اشتہاری مجرمان اور 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم پولیس کا ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز اور بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کے مختلف مقامات پر 12 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 359 افراد، 171 گھروں اور 25 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران مختلف کارروائیوں میں 3 اشتہاری مجرمان اور 2 منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 645 گرام آئس برآمد کی گئی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
انہوں نے کہا کہ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو وہ فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔



