الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام راولپنڈی میں فری میڈیکل کیمپ، سینکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ

راولپنڈی: الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کی زیرِ نگرانی واسا کالونی سید پور روڈ سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
میڈیکل کیمپ صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک جاری رہا، جس میں مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
کیمپ میں اسکن اسپیشلسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ، ڈینٹل اسپیشلسٹ، آئی اسپیشلسٹ اور فزیوتھراپسٹ سمیت مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں نے شرکت کی اور مریضوں کا مفت معائنہ کرکے انہیں طبی مشورے فراہم کیے۔
کوٹلی ستیاں کے علاقے برج کے مکینوں اور واسا کالونی کے رہائشیوں نے اپنے اہل و عیال کے ہمراہ میڈیکل کیمپ سے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔ علاقہ مکینوں نے الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی اور الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا عزیز اللہ نے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا اور صاحبِ مجاز راولپنڈی ڈویژن ارشد سے ملاقات بھی کی۔ بعد از نمازِ ظہر ایم پی اے رضا اللہ شاہ صاحب نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور سلسلہ عالیہ کی فلاحی و سماجی خدمات کو سراہا۔
یاد رہے کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان عرصہ دراز سے ملک بھر میں فلاحی اور طبی خدمات سرانجام دے رہی ہے، جس کی نگرانی شیخ سلسلہ عالیہ امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی خود کرتے ہیں۔ فاؤنڈیشن کے تحت مختلف علاقوں میں مستحق اور ضرورت مند افراد کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایسے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔



