جہلم: معروف سماجی رہنما اشرف چغتائی کی محتسب عدالت کے جج رانا اشفاق سے تفصیلی ملاقات

جہلم: معروف سماجی رہنما اور سیاسی تجزیہ کار اشرف چغتائی نے جہلم محتسب عدالت کے جج رانا اشفاق سے ایک اہم اور تفصیلی ملاقات کی، جس میں بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل، ان کی شکایات کے ازالے اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اشرف چغتائی کو بتایا گیا کہ جج رانا اشفاق گزشتہ چند ماہ کے دوران سیکڑوں مقامی شہریوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اور شکایات پر بلا معاوضہ فیصلے کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ متعلقہ فیصلوں کی نقول بھی بلا معاوضہ حاصل کی جا سکتی ہیں۔
اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ شہری اپنی شکایات اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں جمع کروا سکتے ہیں، جس سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اپنی شکایات متعلقہ فورم تک پہنچانا مزید آسان ہو جاتا ہے۔
اشرف چغتائی نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں پاکستان میں اپنے قانونی، جائیداد اور دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے سہولت اور بروقت انصاف ملنا چاہیے۔ ایسے اقدامات سے نہ صرف عوام کا اعتماد مضبوط ہوتا ہے بلکہ تارکینِ وطن کا اپنے ملک کے اداروں پر اعتماد بھی بڑھتا ہے۔
انہوں نے جج رانا اشفاق کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سہولیات کے بارے میں مقامی شہریوں اور اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں ممتاز قانون دان چوہدری نوید امتیاز بھی موجود تھے۔



