موٹر سائیکل چوری اور متعدد وارداتوں میں ملوث سنعیرو گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

جہلم: موٹر سائیکل چوری اور متعدد وارداتوں میں ملوث سنعیرو گینگ کے سرغنہ کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تھانہ چوٹالہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری اور چوری کی متعدد وارداتوں میں متحرک سنعیرو گینگ کے سرغنہ کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق تھانہ چوٹالہ پولیس نے کارروائی کے دوران گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے مالِ مسروقہ فروخت کرکے حاصل کی گئی 35 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



