موسم سرما کی شدت میں اضافہ، لنڈا بازاروں کی رونقیں دوبالا، شہریوں کا خریداری کیلئے رش بڑھ گیا

جہلم میں موسم سرما کی سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لنڈا بازاروں کی رونقیں بھی دوبالا ہو گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بازاروں میں کوٹ، سویٹر، جرسیوں، جرابوں، رضائیوں، کمبلوں اور دیگر گرم ملبوسات کی بڑی تعداد فروخت کے لیے سجا دی گئی ہے، جبکہ غریب اور سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کی آمد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

غریب، محنت کش، متوسط اور سفید پوش طبقے کے افراد بھی سردی سے بچاؤ کے لیے لنڈا بازاروں سے خریداری کرتے دکھائی دیتے ہیں، جن میں خواتین کی کثیر تعداد بھی شامل ہے۔ موسم سرما کی آمد اور سردی کی شدت بڑھنے کے باعث شہری گرم کپڑوں کی خریداری کے لیے لنڈا بازاروں کا رخ کر رہے ہیں۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ جہاں دیگر تمام شعبہ جات میں مہنگائی نے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے، وہیں لنڈا بازار بھی مہنگائی کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکے۔ لنڈے کے استعمال شدہ گرم کپڑوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرتی دکھائی دیتی ہیں، جس کے باعث کم آمدنی والے طبقے کے لیے یہاں سے خریداری کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

لنڈا بازار کے دکانداروں کا موقف ہے کہ لنڈے کے گرم کپڑوں کی گانٹھوں کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں۔ ان کے مطابق ان حالات میں انہیں مجبوراً کپڑوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button