جہلم میں بجلی کے زائد وولٹیج سے شہری پریشان، درجنوں صارفین کی قیمتی برقی اشیاء جل گئیں

جہلم: آئیسکو سرکل جہلم کی اربن سب ڈویژن میں بجلی کے زائد وولٹیج نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سکندر ٹاؤن میں گزشتہ ایک ہفتے سے بجلی کے غیر معمولی وولٹیج کے باعث درجنوں صارفین کی قیمتی برقی و الیکٹرانک اشیاء جل کر ناکارہ ہو چکی ہیں، جس سے شہریوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

متاثرہ صارفین کے مطابق بجلی کے زائد وولٹیج کے باعث گھروں میں موجود ٹی وی، فریج، پنکھوں، موٹرز اور دیگر قیمتی برقی آلات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ ہر وقت مزید مالی نقصان کا خدشہ بھی برقرار ہے۔

شہریوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ متعدد مرتبہ اربن سب ڈویژن کے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو اس سنگین صورتحال سے آگاہ کر چکے ہیں، لیکن افسوس کہ تاحال کسی ذمہ دار افسر نے مسئلے کے مستقل حل کے لیے عملی دلچسپی نہیں لی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کے باوجود اگر صارفین کو محفوظ اور معیاری بجلی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکتی تو اس غفلت کا خمیازہ آخر عام شہری کیوں بھگتیں؟

متاثرہ صارفین نے آئیسکو چیف اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکندر ٹاؤن میں بجلی کے زائد وولٹیج کی فوری تکنیکی جانچ کروائی جائے، خرابی کو دور کیا جائے، اس کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور متاثرہ صارفین کے مالی نقصانات کے ازالے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو مزید نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button