دینہ میں ٹرین کی زد میں آ کر 50 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق

دینہ میں ٹرین کی زد میں آ کر ایک نامعلوم شخص جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک گزشتہ شب تقریباً 10 بج کر 10 منٹ پر الفضل مارکی کے قریب پیش آیا، جہاں لاہور سے راولپنڈی جانے والی ٹرین نے ایک شخص کو ٹکر مار دی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق پولیس کی جانب سے کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی کہ الفضل مارکی کے قریب لاہور سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کی ٹکر سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ہے۔ اطلاع موصول ہوتے ہی قریبی ریسکیو ایمبولینس جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئی، جس نے صرف ایک منٹ میں موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کر دی۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق متاثرہ شخص کی عمر تقریباً 50 سال تھی اور ٹرین کی زد میں آنے کے باعث اس کے جسم پر شدید نوعیت کے زخم آئے تھے۔ ریسکیو ٹیم نے اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جہلم منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔ واقعے کے وقت ریلوے پولیس اور پنجاب پولیس بھی جائے وقوعہ پر موجود تھیں۔



