امریکہ میں مقیم پاکستانی نے 9 ملین ڈالر پاکستان کی معروف یونیورسٹی کو عطیہ کر دیئے

نیویارک: امریکہ میں پاکستانی بزنس مین تنویر احمد نے 9 ملین ڈالر ( 2.5 بلین روپیہ ) پاکستانی یونیورسٹی کو عطیہ کردئیے،عطیہ کی رقم سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے ضرورت مند طلبہ کو اسکالر شپ فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق تنویر احمد کے عطیہ سے انڈونمنٹ فنڈز کے ذریعے ہر سال 200 طلبہ اسکالرشپ حاصل کرسکیں گے،تنویر احمد کی طرف سے کیا جانے والا 9 ملین ڈالر کا عطیہ کسی بھی پاکستانی یونیورسٹی کو دیا جانے والا سب سے بڑا عطیہ ہے۔
تنویر احمد کا کہناتھا کہ اسکالرشپ کی اسکیم کو دیگر یونیورسٹیز تک بڑھانے کا ارادہ بھی ہے،آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد تقریب میں سکالر شپ سکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا،مستحق طلبہ کو سکالرشپ میرٹ پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت ملے گی،توقع ہے کہ سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ آئی ٹی، آئی اے اور دیگر جدید شعبوں میں اپنا نام پیدا کریں گے۔
یاد رہے کہ تنویر احمد نے 2022 میں سیلاب زدگان کیلئے 50 ملین ڈالر سے زائد کی امداد بھی دی تھی،سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے تنویر احمد بطور اسٹوڈنٹ امریکا گئے تھے اور ریسٹورنٹ میں ملازمت سے کام شروع کیا تھا ،بیرون ملک آباد پاکستانی اپنے وطن کے مقروض ہیں، ہم آج جہاں ہیں اپنے وطن کی وجہ سے ہی ہیں۔



