جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی جانب سے بہترین ڈیوٹی سرانجام دینے اور دیانتداری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر ایک لیڈی ٹریفک پولیس اہلکار کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
لیڈی ٹریفک پولیس اہلکار نے دورانِ ڈیوٹی ایک خاتون شہری کی گمشدہ رقم ملنے پر غیر معمولی ایمانداری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر رقم متعلقہ خاتون کے حوالے کر دی۔ اس احسن اقدام کو شہریوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا، جس سے پولیس کے مثبت تشخص کو فروغ ملا اور عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ محکمہ پولیس میں ایمانداری، شفافیت اور عوام دوست رویہ اولین ترجیح ہے، اور ایسے فرض شناس اہلکار محکمہ کا فخر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد اور باہمی احترام کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کا اصل مقصد شہریوں کی خدمت، ان کے جان و مال کا تحفظ اور ہر حال میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے، اور ایسے اقدامات پولیس فورس کے مورال کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
