کھیوڑہ/ پنڈدادنخان: کھیوڑہ کے دارارقم سکول میں خدمت گار ٹیم کے زیرِاہتمام الشفاء آئی ٹرسٹ کی جانب سے فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 254 مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا۔
کیمپ کے دوران ماہرینِ امراضِ چشم نے مریضوں کا معائنہ کیا، جبکہ ضرورت کے مطابق انہیں مفت ادویات اور عینکیں بھی فراہم کی گئیں۔ طبی معائنے کے بعد 29 مریضوں کو مفت آپریشن کے لیے الشفاء آئی ٹرسٹ مرید چکوال ریفر کیا گیا۔
کیمپ میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور مفت طبی سہولت سے استفادہ کیا۔ اس موقع پر عوامی و سماجی حلقوں نے خدمت گار ٹیم اور الشفاء آئی ٹرسٹ کی جانب سے علاقے کے مستحق افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ ایسے فلاحی طبی کیمپس کم آمدنی والے اور ضرورت مند افراد کے لیے انتہائی اہم ہیں، جہاں انہیں گھر کے قریب مفت معائنہ، ادویات اور علاج کی سہولت میسر آتی ہے۔
