عید میلاد النبی ﷺ کے نور سے ہی کل کائنات نورالنور ہے، حاجی محمد رشید نقشبندی

دینہ: حاجی محمد رشید نقشبندی نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے نور سے پوری کائنات منور ہوئی اور حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت بے مثل و بے مثال ہے۔ مومن جشنِ ولادتِ مصطفیٰ ﷺ منا کر اللہ تعالیٰ کی توحید اور وحدانیت کا اعلان کرتے ہیں۔

مرکزی میلاد کمیٹی دینہ اور المصطفیٰ بزنس کمیونٹی دینہ کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد رشید نقشبندی نے تمام عالمِ اسلام کو ماہِ ربیع الاول شریف کی آمد پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضور پاک ﷺ کی آمد سے دل جگمگا اٹھتے ہیں اور آپ ﷺ کی محبت ہمارے ایمان کی اساس اور روح کی غذا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 12 ربیع الاول، 26 اگست بروز بدھ، صبح 8:30 بجے مرکزی میلاد کمیٹی دینہ کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان مرکزی جلوس کا حتمی پروگرام ترتیب دے دیا گیا ہے۔ مرکزی جلوس ان شاء اللہ مقررہ وقت پر میلاد چوک دینہ سے زیرِ قیادت پیر طریقت، رہبر شریعت حضرت علامہ خواجہ پیر محمد زکریا نعمانی نقشبندی مجددی قادری، آستانہ عالیہ ڈھنگروٹ شریف، روانہ ہوگا۔

مرکزی جلوس میں علامہ مفتی فضل رسول شاہد، پیر سید وقاص حیدر شاہ کاظمی نقشبندی، خطیب اعظم مرکزی جامع مسجد میلاد چوک، سید قدیر حسین شاہ کاظمی، جماعت اہل سنت، ابو الحذیفہ علامہ شہزاد عامر چشتی، الکرم فرینڈز دینہ کے چوہدری محمد جاوید، انجمن فدایان ڈھنگروٹ شریف، علامہ محمد عارف، منہاج القرآن، حاجی محمد رشید نقشبندی، مرکزی میلاد کمیٹی، افتخار احمد مغل، المصطفیٰ بزنس کمیونٹی دینہ سمیت مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ بزم رضائے مصطفیٰ، انجمن طلبہ اسلام، انجمن محبان نور رسالت، دعوتِ اسلامی، تنظیم المساجد اور دیگر تنظیمات کے کارکنان، شہری، سماجی و سیاسی شخصیات اور صحافتی برادری بھی مرکزی جلوس میں شریک ہوگی۔

مرکزی جلوس ریلوے روڈ، ریلوے اسٹیشن روڈ، غلہ منڈی، جی ٹی روڈ، منگلا روڈ، داتا روڈ اور مین بازار سے ہوتا ہوا واپس میلاد چوک دینہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے اختتام پر مرکزی میلاد کمیٹی دینہ، مغل آئرن سٹور دینہ اور جامع سیدہ زینب، محلہ معصوم شاہ دینہ کی جانب سے مختلف تنظیمات میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ المصطفیٰ بزنس کمیونٹی دینہ کی طرف سے شرکاء کے لیے لنگر کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

حاجی محمد رشید نقشبندی نے تمام اہلِ اسلام سے اپیل کی کہ وہ باوضو ہو کر مرکزی جلوس میں شرکت کریں اور اپنے گھروں، دکانوں، محلوں، بازاروں، مساجد اور شہر کو سبز جھنڈیوں اور دیگر آرائشی سامان سے سجا کر محبتِ رسول ﷺ کا اظہار کریں۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی محبت ہمارے ایمان کی اساس ہے اور ماہِ ربیع الاول ہمیں سیرتِ طیبہ اور تعلیماتِ نبوی ﷺ پر عمل کرنے کا پیغام دیتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 10 ربیع الاول کو بعد از نمازِ عشاء انجمن محبان نور رسالت کے زیرِ اہتمام مقابلہ حسنِ قرأت و حسنِ نعت جامع مسجد غوثیہ نور، محلہ جی ٹی روڈ دینہ میں منعقد ہوگا، جس میں قاریانِ قرآن اور نعت خواں حضرات اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔

Exit mobile version