پنڈدادنخان: چیئرمین متروکہ وقف املاک نے پنڈدادنخان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تاریخی شنکر مٹھ مندر، شواجی رام مندر سمیت خسرہ نمبر 514 اور 978 میں قائم دکانوں اور دیگر متروکہ وقف املاک کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر متاثرہ دکانداروں نے چیئرمین کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی دکانیں گزشتہ دو سے ڈھائی ماہ سے سیل ہیں، جس کے باعث ان کا کاروبار اور روزگار شدید متاثر ہو رہا ہے۔ دکانداروں نے دکانیں کھولنے اور کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک نے دکانداروں کو یقین دہانی کرائی کہ دکانوں کی شفاف طریقہ کار کے تحت جلد نیلامی مکمل کی جائے گی، جس کے بعد انہیں کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں جدید، خوبصورت اور منظم مارکیٹ کے قیام کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر انداز میں فروغ دیا جا سکے۔
چیئرمین نے واضح کیا کہ پنڈدادنخان میں متروکہ وقف املاک کی سرکاری جائیدادوں کو ہر صورت غیر قانونی قبضوں سے واگزار کرایا جائے گا۔ غیر قانونی قابضین کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو سرکاری و وقف املاک پر ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیلامی کے بعد دکانیں محکمہ متروکہ وقف املاک کے زیرِ انتظام مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق فعال کی جائیں گی، جبکہ وقف املاک کے تحفظ اور ان کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
