پنڈدادنخان میں گیس لیکج کے باعث گھر میں آتشزدگی، ماں جاں بحق، بیٹا بری طرح جھلس گیا

پنڈدادنخان میں گیس لیکج کے باعث گھر میں آتشزدگی کے باعث ماں بیٹا بری طرح جھلس گئے، ماں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، بیٹے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے محلہ کوٹ کلاں میں ایل پی جی گیس سلنڈر سے گیس لیکج کے باعث گھر میں آگ بھڑک اٹھی اور کچن میں دھماکہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 63 سالہ خاتون جاں بحق جبکہ ان کا 33 سالہ بیٹا شدید جھلس کر زخمی ہو گیا۔ زخمی کی شناخت ایڈووکیٹ محسن کے نام سے ہوئی ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول روم جہلم نے دو ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھر میں ایل پی جی سلنڈر سے گیس لیک ہو رہی تھی۔ صبح ناشتہ تیار کرنے کے لیے کچن میں آگ جلائی گئی تو گیس بھڑک اٹھی، جس کے باعث دھماکہ ہوا اور آگ نے کچن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ ماں اور بیٹا بری طرح جھلس گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 33 سالہ محسن کا جسم 90 فیصد سے زائد جھلس چکا ہے، جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ریسکیو ٹیم نے جاں بحق خاتون اور زخمی محسن کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال پنڈدادنخان منتقل کیا۔ زخمی کی تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے مزید علاج کے لیے راولپنڈی اسپتال ریفر کر دیا گیا۔

↑
Exit mobile version