دینہ/ سوہاوہ: اینٹی کرپشن پولیس نے جہلم کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ طور پر رشوت وصول کرنے کے الزام میں یونین کونسل ڈومیلی کے سیکرٹری عبدالستار اور اراضی ریکارڈ سینٹر دینہ کے ایس ایس سی او اسرار احمد کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم نے یونین کونسل ڈومیلی میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ رشوت وصولی کے الزام میں سیکرٹری عبدالستار کو ٹریپ ریڈ کے دوران حراست میں لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 50 ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹ برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی اراضی ریکارڈ سینٹر دینہ میں کی گئی، جہاں شہری کی شکایت پر اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایس ایس سی او اسرار احمد کو مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا۔
اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق اسرار احمد نے شہری سے زمین کے کاغذات درست کرنے کے عوض 30 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ ٹیم نے منصوبہ بندی کے تحت ٹریپ ریڈ کیا اور مبینہ طور پر رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا، جبکہ نشان زدہ نوٹ بھی موقع سے برآمد کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق اسرار احمد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ دونوں واقعات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
