جہلم میں بھابی کو قتل کرکے بیرون ملک فرار ہونے والا اشتہاری ملزم انٹرپول کے ذریعے دبئی سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے تھانہ صدر کے قتل کے مقدمے میں سال 2023 سے مطلوب اشتہاری مجرم جنید کو انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک سے گرفتار کر لیا۔ ملزم نے تقریباً تین سال قبل گھریلو ناچاقی پر اپنی بھابی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا اور واردات کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لیے دبئی فرار ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم جنید نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر اپنی بھابی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر جہلم میں درج کیا گیا تھا، تاہم واردات کے بعد ملزم بیرونِ ملک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش رہا۔ جہلم پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھیں اور بالآخر انٹرپول کے ذریعے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے بیرونِ ملک سے گرفتار کروا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم جنید نے دورانِ تفتیش اپنی بھابی کے قتل کا اعتراف بھی کر لیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
جہلم پولیس کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے اشتہاری مجرم کی گرفتاری پیشہ ورانہ مہارت، موثر حکمت عملی اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
