پنڈدادنخان: پتنگ بازی کی روک تھام کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے جاری مہم کے دوران پنڈدادنخان پولیس نے مختلف علاقوں میں چھتوں پر سرچنگ کی، جس کے نتیجے میں پتنگیں قبضہ میں رکھنے والا ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں پتنگیں برآمد کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ پنڈدادنخان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ غیر قانونی طور پر پتنگیں اور ڈوریں اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھا۔ پولیس نے برآمد شدہ پتنگیں تحویل میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق نئے قانون کے تحت غیر قانونی طور پر پتنگیں تیار کرنے، ذخیرہ کرنے، سپلائی یا قبضہ میں رکھنے پر بھاری جرمانہ اور پانچ سال قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ پتنگ بازی ایک خطرناک اور خونی کھیل ہے جس کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، لہٰذا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
