جہلم: ضلع جہلم میں حالیہ موسلا دھار بارشوں کے بعد سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ اشیائے خورونوش کی خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے۔ خریداروں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی سبزی فروشوں کے مطابق گزشتہ ہفتے ہونے والی شدید بارشوں کے باعث متعدد علاقوں میں سبزیوں کی فصلیں متاثر ہوئیں، جس سے منڈیوں میں رسد کم ہونے اور قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا۔
مقامی سبزی منڈی اور بازار میں مختلف سبزیوں کی قیمتیں اس طرح بتائی جا رہی ہیں: کدو 200 روپے، بھنڈی 200 روپے، کریلے 170 روپے، بینگن 150 روپے، اروی 150 روپے، مٹر 350 روپے، آلو (اسٹور) 50 روپے، ادرک 400 روپے، پیاز 120 روپے، ٹماٹر 400 روپے، شملہ مرچ 250 روپے، بند گوبھی 150 روپے اور سبز مرچ 150 روپے فی کلو، جبکہ چکن تقریباً 500 روپے فی 850 گرام فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے اور عام آدمی کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران فصلوں کو نقصان پہنچنے اور سپلائی میں کمی کے باعث سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات مقامی منڈیوں میں بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی جائے، سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
