جہلم: گیارہویں آل پنجاب مہر علی اعظم شہید ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں، جس کے باعث شہر بھر کے کھلاڑیوں اور شائقینِ ہاکی میں خوشی اور جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
گزشتہ روز جہلم کے ایک مقامی ہوٹل میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹورنامنٹ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایونٹ کی باقاعدہ تاریخ کا اعلان جلد متوقع ہے، جس کا کھلاڑیوں اور سپورٹس حلقوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔
اجلاس میں عبدالرشید (حال مقیم ساؤتھ افریقہ)، نوید صفدر میر، استاد طارق، امتیاز پولی اور ارشد کیانی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی اور ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ نہ صرف کھیل کے فروغ کا ذریعہ ہے بلکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی یہ شاندار ٹورنامنٹ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جبکہ سائپرس ہاکی کلب کی زیر نگرانی منعقد کیا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور کامیاب انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آل پنجاب مہر علی اعظم شہید ہاکی ٹورنامنٹ گزشتہ کئی برسوں سے کامیابی کے ساتھ منعقد ہوتا آ رہا ہے، جسے نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر میں بے حد پذیرائی حاصل ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اور سائپرس ہاکی کلب کو ایک دہائی سے اعلیٰ معیار کے کھیلوں کے انعقاد اور نوجوانوں کو میدانوں کی طرف لانے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
