جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری نے امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس ناکہ جات، پکٹس اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او نے شہر بھر میں قائم پولیس پکٹس اور ناکہ جات پر تعینات افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر موجود جوانوں کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں بریفنگ دیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں، مشکوک افراد اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری برقرار رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم میں امن و امان کے قیام کے لیے جہلم پولیس پوری طرح مستعد ہے اور تمام افسران و اہلکار قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے فرائض ذمہ داری، پیشہ ورانہ انداز اور جذبے کے ساتھ سرانجام دیں۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ جرائم کی روک تھام پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ شدت پسند اور شرپسند عناصر کی کڑی نگرانی جاری رہے گی اور کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے یا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ضلع میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جہلم پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیتی رہے گی۔
