پی ایم اے ہاؤس جہلم کا شاندار تزئین و آرائش کے بعد باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

جہلم: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) ہاؤس جہلم کی شاندار تزئین و آرائش کے بعد ایک پروقار مگر سادہ تقریب میں باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جس میں ڈاکٹرز برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر پی ایم اے پنجاب ڈاکٹر کامران سعید شیخ تھے، جبکہ میزبان صدر پی ایم اے جہلم ڈاکٹر ساجد علی ڈوگہ، سینئر نائب صدر ڈاکٹر عدنان نجب اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر احمد نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت سابق صدر پی ایم اے جہلم ڈاکٹر چوہدری طارق عظیم نے حاصل کی۔ صدر پی ایم اے جہلم ڈاکٹر ساجد علی ڈوگہ نے خطبۂ استقبالیہ میں کہا کہ پی ایم اے ہاؤس کی اراضی 1981 میں مرحوم ڈاکٹر مظفر حسین شاہ نے خدمتِ انسانیت کے جذبے کے تحت عطیہ کی تھی، جبکہ موجودہ ایگزیکٹو نے عمارت کو جدید تقاضوں کے مطابق ازسرِنو تعمیر کر کے ڈاکٹرز کے شایانِ شان بنا دیا ہے۔

مہمانِ خصوصی ڈاکٹر کامران سعید شیخ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ڈاکٹرز کو اتحاد و یکجہتی کی تلقین کی اور کہا کہ مضبوط اور متحد ڈاکٹر کمیونٹی ہی عوام کی بہتر خدمت کر سکتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پی ایم اے پنجاب ڈاکٹرز کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

تقریب سے معروف چیسٹ فزیشن اور سابق صدر پی ایم اے جہلم ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمن نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹرز برادری کو یکجا رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خدمتِ انسانیت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

اس موقع پر جہلم کے معروف میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر سعید انور نے مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور ڈاکٹرز کمیونٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں ڈاکٹرز برادری کے اتحاد اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Exit mobile version