دینہ میں طالبہ سے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے مارشل آرٹس اکیڈمی کے انسٹرکٹر کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں چوکی سٹی دینہ کی حدود میں واقع ایک مارشل آرٹس اکیڈمی میں طالبہ کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ تھانہ دینہ پولیس نے طالبہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق طالبہ (ع) نے میٹرک کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کرنے کے لیے دینہ میں قائم کمبائنڈ مارشل آرٹس اکیڈمی میں داخلہ لیا تھا۔ طالبہ کا موقف ہے کہ اس نے واقعے سے تقریباً تین روز قبل ہی اکیڈمی میں داخلہ لیا تھا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اکیڈمی کے انسٹرکٹر عدنان نے اسے شام کے وقت اکیڈمی آنے کے لیے کہا۔
متاثرہ طالبہ کے مطابق 4 نومبر کو وہ اکیڈمی پہنچی تو وہاں اسے اکیلا پا کر ملزم نے مبینہ طور پر نازیبا حرکات شروع کر دیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق اسی دوران بجلی بند ہونے پر ملزم نے طالبہ کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی کوشش کی، تاہم وہ موقع ملتے ہی اکیڈمی سے باہر بھاگنے میں کامیاب ہو گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ 13 نومبر کو تھانہ دینہ میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 377-B کے تحت درج کیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 40 سالہ شادی شدہ ملزم عدنان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف اس سے قبل بھی اغوا اور زنا کا مقدمہ درج ہو چکا ہے۔
دوسری جانب جہلم پولیس کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ تھانہ دینہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
