جہلم میں 24 سالہ نوجوان مچھلیاں پکڑتے ہوئے دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق

جہلم میں 24 سالہ مسیحی نوجوان مچھلیاں پکڑتے ہوئے دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی علاقے چک دولت گاؤں کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 24 سالہ مسیحی نوجوان جون ولیمز مچھلیاں پکڑتے ہوئے دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی ٹیم فوری طور پر ایمبولینس، ریسکیو وہیکل، کشتی اور تین تربیت یافتہ غوطہ خوروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے تقریباً ایک گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد نوجوان کی لاش دریا سے نکال لی۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت جون ولیمز ولد ولیمز مسیح کے نام سے ہوئی ہے، جو کالا گجراں جہلم کا رہائشی تھا۔

ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔

Exit mobile version