سوہاوہ: رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مجموعی سروس ڈیلیوری کا جائزہ لینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے مرکز صحت کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈاکٹرز اور متعلقہ طبی عملہ ڈیوٹی پر موجود پایا گیا، جبکہ شعبہ بیرونی مریضاں (او پی ڈی) بھی فعال تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے مرکز صحت کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جن میں وارڈز، شعبہ بیرونی مریضاں، ایمرجنسی، تشخیصی لیبارٹری اور ایکسرے روم شامل تھے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں جاری طبی سہولیات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ لیا اور مرکز صحت کے انتظامی امور کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔
دورے کے دوران بنیادی اور ضروری ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو ان کی فراہمی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا گیا کہ ضروری ادویات مناسب مقدار میں دستیاب ہیں اور مریضوں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مرکز صحت میں موجود مریضوں سے بھی براہِ راست گفتگو کی اور ان سے طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور مجموعی سروس ڈیلیوری کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ دورے کے دوران اس حوالے سے کوئی منفی شکایت سامنے نہیں آئی۔ اس موقع پر طبی عملے کو ہدایت کی گئی کہ مریضوں کو مؤثر طبی سہولیات اور مناسب رہنمائی کی فراہمی کا سلسلہ برقرار رکھا جائے اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر رکھنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے مرکز صحت میں صفائی کے بعض مسائل کا بھی نوٹس لیا اور متعلقہ عملے کو صفائی کی صورتحال فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مرکز صحت کے لان کی نامناسب حالت پر بھی توجہ دلاتے ہوئے باقاعدہ دیکھ بھال، گھاس کی کٹائی اور صفائی کے اقدامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ رورل ہیلتھ سنٹر ڈومیلی کے اندرونی اور بیرونی ماحول کو صاف ستھرا، منظم اور بہتر رکھا جائے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو صحت کی سہولیات کے حصول کے دوران مناسب اور بہتر ماحول میسر آسکے۔
