پنڈدادنخان: دھریالہ جالپ مین روڈ سے کھوتھیاں روڈ تک تجاوزات کی بھرمار اور زیرِ تعمیر نکاسی آب کا نالہ اہلِ علاقہ کے لیے مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق نالہ کی تعمیر کے دوران مبینہ انتظامی غفلت کے باعث قریبی محلے کی نکاسی آب کا راستہ بند ہوگیا، جس کے نتیجے میں گندا پانی سڑک پر جمع ہونا شروع ہوگیا ہے۔
سڑک پر کھڑے گندے پانی کے باعث اہلِ محلہ بالخصوص خواتین، بزرگوں اور بچوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے، جبکہ قریبی نجی ہسپتال آنے جانے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر پانی جمع رہنے سے معمول کی آمدورفت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کسی بھی وقت حادثہ پیش آنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ ان کے مطابق تجاوزات کے باعث بھی سڑک اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مسائل کا سامنا ہے، جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
اہلِ علاقہ نے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیرا فورس کے ذریعے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع کا معائنہ کرایا جائے، تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور نکاسی آب کا مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔
