پنڈدادنخان پولیس اور سی سی ڈی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہرن پور سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والے خصوصی نوجوان محمد حسیب کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ نوجوان کی بازیابی کے بعد اسے گھر پہنچا دیا گیا، جہاں اہلخانہ اور اہلِ علاقہ نے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ گھر واپسی کے موقع پر ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایس ڈی پی او پنڈدادنخان سرکل میاں عبدالجبار کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان ملک نثار احمد اور پولیس ٹیم نے کارروائی کی۔ پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی ذرائع اور دستیاب معلومات کی بنیاد پر کوششیں جاری رکھتے ہوئے مبینہ طور پر اغوا کیے گئے نوجوان محمد حسیب کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نوجوان کی بازیابی کے بعد مبینہ اغواء میں ملوث ملزمان سے متعلق اہم انکشافات بھی سامنے آئے ہیں جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
محمد حسیب کی بحفاظت گھر واپسی پر اہلخانہ اور علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اہلِ علاقہ کی جانب سے نوجوان کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا گیا، جبکہ شہریوں نے پولیس اور سی سی ڈی ٹیم کی کارروائی کو سراہا۔
پولیس کی مؤثر کارروائی پر شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے ایس ڈی پی او پنڈ دادن خان میاں عبدالجبار، ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادن خان ملک نثار احمد اور پولیس ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی بروقت کارروائی سے نہ صرف نوجوان کی بحفاظت بازیابی ممکن ہوئی بلکہ اس سے علاقے میں عوام کے اعتماد کو بھی تقویت ملی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان سے متعلق سامنے آنے والی معلومات کی روشنی میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
