سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دبئی دنیا کا مقبول ترین سیاحتی شہر قرار

دبئی: متحدہ عرب امارات کا معروف شہر دبئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دنیا کے مقبول ترین سیاحتی شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔

اماراتی اخبار الامارات الیوم کے مطابق ٹائٹن ٹریول نے سال 2024 کے لیے سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ مقبول مقامات کی ایک فہرست شائع کی ہے، ماہرین کی مدد سے ترتیب دی گئی لسٹ سے معلوم ہوا ہے کہ دبئی ٹک ٹاک ایپلی کیشن پر 30 ملین سے زیادہ وڈیو کلپس، انسٹا گرام پلیٹ فارم پر 123 ملین سے زیادہ پوسٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

دبئی اپنے شاپنگ سینٹرز اور سیاحتی مقامات کی وجہ سے دنیا بھر میں منفرد حیثیت رکھتا ہے، یہ اپنے دلکش فن تعمیر کیلیے بھی مشہور ہے جس میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ بھی شامل ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس فہرست میں دبئی کے بعد برطانیہ کا شہر لندن دنیا کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں دوسرے نمبر پر ہے، ٹک ٹاک ایپلی کیشن کی 10 اعشاریہ 6 ملین پوسٹیں ریکارڈ کی گئیں، اس کے علاوہ چھٹیوں کے لیے گوگل سرچ میں بھی اس شہر کے بارے میں 77 اعشاریہ 56 فیصد اضافہ دیکھا گیا، اس کے بعد فرانس کا شہر نیس اس لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہے، جس نے ٹک ٹاک ایپلی کیشن پر 10 اعشاریہ 2 ملین اور انسٹا گرام پر 94 ملین پوسٹیں حاصل کیں۔

گوگل سرچ پر اس شہر کے بارے میں 165 اعشاریہ 64 فیصد اضافہ دیکھا گیا جب کہ ترتیب کے لحاظ سے ٹک ٹاک ایپلی کیش پر 10 مقبول ترین مقامات میں دبئی، لندن، نیس، بارسلونا، پیرس، استنبول، نیویارک، میامی، سنگاپور اور ابوظہبی شامل ہیں۔

Exit mobile version