جہلم: ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری جماعت اسلامی ضلع جہلم کے اگلے دو سال کیلئے دوبارہ ضلعی امیر منتخب ہو گئے۔
جماعت اسلامی ضلع جہلم کے مرکزی دفتر میں ضلعی امیر کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر طارق سلیم مرزا امیر صوبہ پنجاب شمالی تھے۔
جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم مرزا نے نو منتخب ضلعی امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں ضلع بھر سے ارکان و کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر طارق سلیم مرزا نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی وہ واحد جماعت ہے جہاں جمہوریت پر حقیقی طور پر عملدرآمد کیا جاتا ہے ۔ یہاں خاندانی سیاست سے بالا تر ہو کر میرٹ پر تقرری اور فیصلے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ممبر سازی مہم کو کامیاب بنانا ہے اس کے لیے ہر رکن دل و جان سے محنت کرے اور جماعت اسلامی کی دعوت ہر خاص و عام میں عام کی جائے ۔
اس موقع پر امیر ضلع ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ذمہ داری کوئی معمولی زمہ داری نہیں ہے اور میری اولین ترجیح جماعت اسلامی کی دعوت کو عام کرنا ہے۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ پروردگار مجھے استقامت عطاء فرمائے اور اپنے منصبی کاموں کو بخوبی تکمیل کرنے کے ہمت اور مدد عطاء فرمائے ۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے ڈاکٹر قاسم محمود کو مبارکباد دی اور ان کو استقامت کی دعائیں دیں۔
