مطالبات کی منظوری تک سرکاری سکولز اور دفاتر میں مکمل ہڑتال و تالہ بندی ہو گی، چوہدری راشد محمود

جہلم: چوہدری راشد محمود نے کہا کہ اپنے جائز آئینی حقوق کے حصول کے لئے پرامن احتجاج کرنے والے قائدین و کارکنان کی گرفتاری پر ہم سب کا دوٹوک مؤقف ہے۔ نہتے سرکاری ملازمین کے کیمپوں پر پولیس کی طرف سے دھاوا اور ہمارے سرکاری ملازمین و قائدین کی گرفتاری کسی صورت ہمیں اپنے مشن سے نہیں ہٹا سکتی، تمام بے گناہ گرفتار قائدین و کارکنان کو فی الفور رہا کیا جائے۔

چوہدری راشد محمود گجر صدر پنجاب ٹیچرز یونین جہلم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کی لیو انکیشمنٹ کی ظالمانہ ترامیم کا خاتمہ کیا جائے، ممکنہ پنشن اصلاحات اور تعلیمی اداروں کی نجکاری نہ کرنے کی واضح یقین دہانی کروائی جائے۔ گرفتار قائدین و کارکنان کی رہائی اور جائز آئینی مطالبات کی منظوری تک پنجاب بھر کے تمام سرکاری سکولز اور دفاتر میں مکمل ہڑتال و تالہ بندی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام غیور ملازمین، کارکنان و قائدین سے گزارش ہے کہ اس اہم ترین تحریک کو کامیاب کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور اس ضمن میں کسی قسم کی مصلحت کا شکار نہ ہوں۔ مشن کے راستے میں آنے والی مشکلات سے نہ پہلے ہم کبھی گھبرائے تھے اور نہ اب گھبرائیں گے۔ ہماری یہ پرامن جدوجہد مکمل جوش و خروش اور استقامت کے ساتھ جاری و ساری رہے گی۔

Exit mobile version