شادی کے بعد نکاح کا باقاعدہ اندراج کرانا قانونی طور پر ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے دلہا یا دلہن میں سے کوئی ایک متعلقہ یونین کونسل سے میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتا ہے۔
نکاح کے اندراج یا میرج سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے نکاح خواں کی جانب سے جاری کردہ نکاح نامہ، دلہا اور دلہن کے شناختی کارڈز، دونوں کے والد کے شناختی کارڈز اور نکاح کے گواہوں کے شناختی کارڈز درکار ہوتے ہیں۔
متعلقہ یونین کونسل میں درخواست جمع کرانے کے بعد عملہ فراہم کردہ دستاویزات اور معلومات کی جانچ پڑتال کرتا ہے۔ تمام دستاویزات درست ہونے کی صورت میں نکاح کا اندراج یونین کونسل کے نظام میں کیا جاتا ہے۔
اس کے بعد درخواست گزار کو درج شدہ معلومات کا پرنٹ آؤٹ پروف ریڈنگ کے لیے دیا جاتا ہے۔ درخواست گزار تمام تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد، اگر معلومات درست ہوں تو پروف ریڈنگ پرنٹ پر دستخط کرکے اسے یونین کونسل کے عملے کے حوالے کرتا ہے۔
دستخط شدہ پروف ریڈنگ موصول ہونے کے بعد یونین کونسل کی جانب سے میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کردیا جاتا ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق یہ سہولت مخصوص اضلاع میں نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی حاصل کی جاسکتی ہے، جن میں جہلم، چکوال، ننکانہ، کوئٹہ اور کراچی شرقی شامل ہیں۔
شادی شدہ جوڑوں کے لیے ضروری ہے کہ نکاح کے اندراج کا عمل مکمل کرایا جائے تاکہ شادی کا باقاعدہ سرکاری ریکارڈ موجود ہو اور مستقبل میں متعلقہ دستاویزات کے حصول کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
