دینہ: وفاقی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلع جہلم کا دورہ کیا اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ ڈرائیونگ لائسنس سینٹر دینہ میں تحصیل دینہ کے شہریوں کے لیے نئے قائم کیے گئے خدمت مرکز کاؤنٹر کا افتتاح کیا۔
نئے قائم کیے گئے خدمت مرکز کاؤنٹر کے ذریعے تحصیل دینہ کے شہریوں کو پولیس خدمت مرکز سے متعلق مختلف سہولیات ایک ہی جگہ پر آسان، شفاف اور بروقت فراہم کی جائیں گی، جس سے شہریوں کو پولیس خدمات کے حصول کے لیے جہلم شہر کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
خدمت مرکز کاؤنٹر پر شہریوں کو کریکٹر ویریفکیشن، جنرل ویریفکیشن، لاسٹ رپورٹ، ایمپلائی رجسٹریشن، کرایہ داری کا اندراج، وائلیشن رپورٹ، بچوں وغیرہ کی گمشدگی کی رپورٹ، ایف آئی آر کی کاپی، جرم کی اطلاع، گاڑی کی ویریفکیشن، لرنر لائسنس، ریگولر لائسنس، لائسنس رینیول، اینڈورسمنٹ، ڈپلیکیٹ لائسنس اور انٹرنیشنل لائسنس سمیت 16 مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کو جدید، شفاف اور بروقت پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ دینہ میں خدمت مرکز کاؤنٹر کا قیام اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے، جس سے شہریوں کو پولیس خدمات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔
وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس سینٹر دینہ میں خدمت مرکز کاؤنٹر کا قیام جدید اور عوام دوست پولیسنگ کی جانب اہم اقدام ہے، جس سے شہریوں کو بہتر، شفاف اور بروقت سہولیات میسر آئیں گی۔
قبل ازیں وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے تحصیل ہال دینہ میں کھلی کچہری منعقد کی، جہاں انہوں نے تقریباً پانچ گھنٹے تک بڑی تعداد میں آنے والے شہریوں کے مسائل اور شکایات براہِ راست سنیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ مال، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ضلع جہلم کے عوام کے مسائل براہِ راست سننے اور ان کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم، سوہاوہ اور دینہ میں کھلی کچہریاں عوامی مسائل کے حل کی اسی کوشش کا حصہ ہیں۔
بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیر مملکت نے کہا کہ دینہ کے عوام کی سہولت کے لیے علاقے میں پہلی بار خدمت مرکز کی سہولیات کا افتتاح کیا گیا ہے، جہاں کریکٹر سرٹیفکیٹ سمیت متعدد پولیس سروسز مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اب دینہ کے شہریوں کو ان خدمات کے حصول کے لیے جہلم جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یہ دینہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پورا کردیا گیا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کی زندگی میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں۔
