جہلم: جی ٹی روڈ پر حادثات کی روک تھام کیلئے اہم اقدام، یوٹرنز کے قریب محفوظ سپیڈ بریکرز کی تنصیب جاری

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم و چیئرمین آر ٹی اے میر رضا اوزگن کی ہدایت پر شہریوں کے قیمتی جان و مال کے تحفظ اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے اہم اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سلسلے میں سیکرٹری آر ٹی اے ولید عباس کی جانب سے شہری حدود میں واقع ہر یوٹرن کے قریب جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف ربڑ کے محفوظ سپیڈ بریکرز کی تنصیب جاری ہے۔

اس اقدام کا مقصد جی ٹی روڈ پر یوٹرنز کے قریب گاڑیوں کی رفتار کو کم کرنا اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ محفوظ سپیڈ بریکرز کی تنصیب سے یوٹرنز کے مقامات پر ٹریفک حادثات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے مطابق روڈ سیفٹی کے فروغ اور حادثات کی روک تھام کے لیے سوسائٹی کی جانب سے بھی مسلسل اقدامات اور آگاہی کا سلسلہ جاری ہے۔ سوسائٹی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، سیکرٹری آر ٹی اے ولید عباس اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر سعید احمد کی جانب سے روڈ سیفٹی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی جہلم توصیف بیگ نے جی ایم مینٹیننس نارتھ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) عمران خان کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کی گزارش پر ان کے احکامات کے تحت جہلم ریجن میں روات طرز کے پروٹیکٹڈ یوٹرنز کے حوالے سے فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

توصیف بیگ کا کہنا ہے کہ سوسائٹی نے سب سے پہلے روڈ سیفٹی کے حوالے سے اپنی آواز بلند کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے عملی کوششوں کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد الحمدللہ روڈ سیفٹی کی اہمیت حکومت، متعلقہ اداروں اور عوام میں بھی دن بدن اجاگر ہو رہی ہے۔

سوسائٹی کے مطابق روڈ سیفٹی کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں اور عوام کے تعاون سے محفوظ سفری ماحول کے قیام کی کوششیں جاری رہیں گی، جبکہ اس کا مقصد "محفوظ جہلم، محفوظ پنجاب، محفوظ پاکستان” کے خواب کو عملی شکل دینا ہے۔

Exit mobile version