سوہاوہ: قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو فرار کرانے میں مدد دینے والا ملزم گرفتار

سوہاوہ: پولیس نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو فرار ہونے میں مبینہ طور پر مدد فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا، جس پر الزام ہے کہ اس نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب ایک اشتہاری مجرم کو قانون کی گرفت سے بچنے اور فرار ہونے میں معاونت فراہم کی۔

ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اشتہاری مجرم کی گرفتاری سمیت دیگر حقائق بھی سامنے لائے جا سکیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور انہیں سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کو پناہ دینے یا ان کی معاونت کرنے والے افراد بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version