پنڈدادنخان: چوری و ڈکیتی میں ملوث وحید عرف بھچر گینگ کے 2 کارندے گرفتار، نقدی و اسلحہ برآمد

پنڈدادنخان میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے چوری و ڈکیتی میں ملوث وحید عرف بھچر گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث وحید عرف بھچر گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 9 لاکھ 35 ہزار روپے نقدی، ایک عدد پسٹل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق برآمد شدہ سامان مختلف وارداتوں سے حاصل کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کی صورت میں عدالت میں پیش کیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کارروائی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version