37
پڑی درویزہ/ سوہاوہ: یونین کونسل پھلڑے سیداں میں آوارہ کتے مار مہم کے دوران 115 کتوں کو تلف کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم خان کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں جاری "آوارہ کتا مار” مہم کے تحت جہلم کی تحصیل سوہاوہ کی یونین کونسل پھلڑے سیداں میں بھی کامیاب کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس دوران پوری یونین کونسل میں مجموعی طور پر 115 آوارہ کتے تلف کیے گئے جبکہ تاریخی گاؤں پڑی درویزہ میں 7 آوارہ کتے تلف کیے گئے۔
اس مہم کی نگرانی سیکرٹری یونین کونسل طارق رشید خود کر رہے تھے جبکہ سول ڈیفنس کے مجتبیٰ علی راجہ، سینیٹری انسپکٹر محمد احسن اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کا عملہ بھی اس مہم میں شامل تھا۔ دوران مہم آوارہ کتے تلف کرنے کے بعد آر ڈبلیو ایم سی کا عملہ انہیں ” ستھرا پنجاب” والی گاڑی میں لوڈ کرتا رہا اور کسی جگہ فضلہ نہیں چھوڑا گیا۔
عوام نے مہم میں بھرپور تعاون کیا اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ شہریوں نے اس اقدام کو نہ صرف صحت اور صفائی کے لیے ضروری قرار دیا بلکہ اسے معاشرتی تحفظ کے ضمن میں بھی اہم قدم قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کی ہدایات کے مطابق یہ مہم صوبہ بھر میں مسلسل جاری رہے گی تاکہ عوام الناس کو آوارہ کتوں سے لاحق خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
