پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین نے دریائے جہلم کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور پانی کی مسلسل بڑھتی ہوئی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے اہل علاقہ کو ہدایت دی کہ وہ دریا کے کنارے جانے سے گریز کریں اور اپنے مال مویشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث دریا میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ عوام کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کی حفاظت اور مدد کے لیے انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
